صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کرنا انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا، صنعتکار

July 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے صنعت کاروں نےکہا ہے کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کرنا انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا۔سپلائی میں کمی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر پیداواری نقصانات، حکومت کے ریونیو، زرمبادلہ اور برآمدات میں نمایاں کمی کے خدشہ ہے۔

ہمیں بڑی صنعتیں بند ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے برآمدات میں بھی کمی آئے گی لہٰذا گیس کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) سمیت کراچی کی تمام ٹاؤن ایسوسی ایشنز نے وزیراعظم شہباز شریف سے گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کراچی کی صنعتوں کو طلب کے مطابق گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی صنعتیں مکمل طور پر تباہ ہوجائیں گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت میں کونسل آف آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز، پاکستان اپرل فورم، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری، لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام ایس او ایس اپیل میں سندھ میں گیس کی سپلائی میں کمی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر پیداواری نقصانات، حکومت کے ریونیو، زرمبادلہ اور برآمدات میں نمایاں کمی کے خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ صنعتوں کو تباہی سے بچانے میں کردار ادا کریں۔