صارفین کیلئے خوشخبری! واٹس ایپ نے میسج ڈیلیٹ کرنے کا دورانیہ بڑھا دیا

July 03, 2022

فائل فوٹو

دُنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ نے میسج ڈیلیٹ کرنے کے لیے وقت کا دورانیہ بڑھا دیا، نیا فیچر مزید بِیٹا صارفین کے لیے جلد متعارف کرایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کئی فیچرز پر کام کر رہا ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، میٹا کی ملکیت والی میسجنگ ایپ اپنے صارفین کے لیے پیغامات کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے وقت کے دورانیے کو بڑھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو (WABetaInfo) کی رپورٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ باضابطہ طور پر کچھ بِیٹا صارفین کے لیے جاری کی جائے گی۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو WABetaInfo کے مطابق پہلے واٹس ایپ ک میسجز Delete for everyone فیچر کی حد 1 گھنٹہ، 8 منٹ اور 16 سیکنڈ تھی لیکن اب نئے وقت کی حد 2 دن اور 12 گھنٹے ہے۔

ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو سے مزید معلوم ہوا ہے کہ واٹس ایپ اپنے Delete for everyone فیچر کی مزید بہتری کے لیے بھی کام کر رہا ہے، جس کے تحت اگر آپ گروپ ایڈمن ہیں تو مستقبل میں گروپس میں کسی بھی پیغام کو حذف کرنے کی اہلیت رکھ سکیں گے۔