صدر، وزیرِ اعظم و دیگر کا شیرانی بس حادثے پر اظہارِ افسوس

July 03, 2022

فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف سمیت اہم اعلیٰ سیاسی شخصیات نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

جاری کیے گئے بیان کے ذریعے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو حادثے کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

صدر کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

صدر عارف علوی نے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا دکھ کا اظہار

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ژوب انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو جائے حادثہ پر بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ژوب اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنایا جائے۔

حمزہ شہباز کی لواحقین سے تعزیت

وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی بلوچستان میں شیرانی کے قریب حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

حمزہ شہباز نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

حادثے میں 19 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہو گئے۔

مسافر کوچ راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھی، حادثہ خیبر پختون خوا کی حدود کے قریب پیش آیا ہے۔