سیٹ پر فلم ساز نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، رنبیر کپور

July 03, 2022

فوٹو فائل

بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور کو فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی نے ایک فلم کے سیٹ پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک پرانے انٹرویو میں رنبیر کپور نے اپنے اوپر ہونے والے اس تشدد کا انکشاف کیا تھا۔

انہوں نے سنجے لیلیٰ بھنسالی کے حوالے سے کام کرنے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فلم میں کام کرتے وقت سیٹ پر فلم ساز نے ان کی کئی مرتبہ پٹائی کی تھی۔

رنبیر کپور نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 2006 میں سنجے لیلیٰ بھنسالی کی فلم ’ساوریا‘ سے کیا، اس سے قبل وہ سال 2004 میں فلم بلیک میں ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔

اپنے انٹرویو میں رنبیر کپور کا سنجے لیلیٰ بھنسالی کے ساتھ اپنے کام کرنے کے تجربات سے متعلق بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’وہ مجھ پر تشدد کرتے تھے اور اکثر ہاتھ اٹھانے سے بھی پیچھے نہیں رہتے تھے، جس سے کبھی کبھار میں دل برداشتہ بھی ہوجاتا تھا۔‘

رنبیر کپور کا مزید کہنا تھا کہ سنجے کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہت مشکل ہوگیا تھا، ایک موقع پر میں نے فلم چھوڑنے کا ارادہ بھی کرلیا تھا، تاہم بعد میں سنجے کو سمجھ آگیا تھا کہ میں بہت زیادہ ہی جذباتی انسان ہوں۔

سنجے لیلیٰ بھنسالی کی فلم ساوریا سے اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے بھی اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس میں وہ رنبیر کے ساتھ بطور ہیروئن کام کرتی نظر آئی تھیں، یہ فلم 1948 میں لکھے گئے روسی ناول نگار فیوڈر ڈاسٹوآسکی (Fyodor Dostoevsky ) کی کہانی وائٹ نائٹ سے متاثر ہو کر بنائی گئی۔