شندور پولو فیسٹیول رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

July 03, 2022

فیسٹیول میں روزانہ 15 ہزار سے زائد سیاحوں نے شرکت کی، فوٹو پی پی آئی

خیبرپختونخوا کے خوبصورت علاقے شندور میں تین روزہ پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

سطح سمندر سے 12 ہزار 264 فٹ بلندی پر منعقد شندور پولو فیسٹیول دنیا میں اپنی نوعیت کا واحد میلہ ہے، فیسٹیول میں روزانہ 15 ہزار سے زائد سیاحوں نے شرکت کی۔

چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا، چترال کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد شندور پولو ٹرافی اپنے نام کی۔

آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل عادل یامین اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

فیسٹیول کے دوران مقامی فنکاروں نے کالاش اور چترالی رقص پیش کیے۔

اختتامی تقریب میں ایس ایس جی کمانڈوز نے پیرا جمپس کا شاندار مظاہرہ کیا۔

آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ ایبٹ آباد کے اہلکاروں نے پاور گلائیڈنگ اور پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ کیا۔