شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لی جائے،دینی جماعتیں

July 04, 2022

لاہور(خبرنگار)متحدہ علماءکونسل کے زیر اہتمام مختلف مکاتب فکر اور دینی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس آسٹریلیا مسجد لاہور میں کونسل کے صدر مولانا عبدالرئوف ملک کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں مولانا زاہد الراشدی ،مولانا سردار محمد خان لغاری،مولانا محمد امجد خان ، مولانا عبدالغفار روپڑی،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی ودیگرشریک ہوئے۔ کل جماعتی مشاورتی اجتماع کے علامیہ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل فوری طور پر واپس لے کر عملدرآمد کے لئے قومی سطح پر ٹاسک فورس قائم کی جائے ۔یہ اجتماع وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے والے بنکوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتا ہے اور ان بنکوں کے کھاتے داروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر کیش نکلوالیں ۔ سودی نظام کے جلد از جلد خاتمہ کے لئے متحدہ علماءکونسل اور ملی مجلس شرعی تمام دینی و سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس کے لئے تحریک خلافت ، تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفیٰؐ کی طرز پر ہمہ گیر قومی تحریک کی تیاری کریں ۔ہمارے تمام تر مسائل و مشکلات کی وجہ قومی و دینی معاملات میں مسلسل بیرونی مداخلت ہے، مہنگائی میں پے درپے ہوشرباءاضافوں نے عام شہری کی زندگی اجیرن کردی۔