G20 سربراہان مقبوضہ کشمیر اجلاس کا بائیکاٹ کریں، وٹفورڈ کمیونٹی فورم

July 04, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی، کونسلر عمران حمید ملک و دیگر رہنماؤں نے G20کے تمام سربراہان سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ چین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں جی 20کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں ۔ ان رہنماؤں نے چینی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت مودی گورنمنٹ دفعہ 370کے خاتمے کے بعد کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے اور حاکمیتِ اعلیٰ کو درست ثابت کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں جی 20سربراہان کا اجلاس بلا رہی ہے ۔ اس موقع پر کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی نے کہا G20اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کشمیر ایک متنازع ریاست ہے۔ ان رہنماؤں نے جی 20کے اجلاس میں شریک ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جی 20کانفرنس کے انعقاد کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کریں ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے پاکستان گورنمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے بلائی گئی کانفرنس کے انعقاد کو روکنے کے لیے جی 20 سربراہان کے پاس وزارتِ خارجہ سطح پر اپنے وفود بھیجے ۔بھارت کے حکمران سفارتی محاذ پر پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں ۔چوہدری محمد صدیق نے کہا اس وقت مسئلہ کشمیر پر بھارت کے حکمران سفارتی سطح پر پاکستان اور کشمیر ی عوام کی جدو جہد آزادی کو ناکام بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں ۔