برطانوی سکھ فوجیوں کا دورہ، مذہبی مقامات کے تحفظ پر پاکستان کی ستائش

July 04, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد نے اپنے دورے کے دوران سکھ مذہب کے 2 مقدس ترین مقامات اور سکھ مذہبی رہنماؤں سے متعلق دیگر تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اداروں اور میزبانوں کی شاندار الفاظ میں ستائش کی اورسکھوں کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اپنی نوعیت کے پہلے دورے کے دوران برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد نے پاکستان میں سکھ مذہب کے تمام اہم مذہبی اور تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔ برطانیہ کی فیلڈ آرمی کی ڈپٹی کمانڈر اور وفد کی سربراہ میجر جنرل سیلیا جے ہاروی نے غیرملکی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مثالی منصوبہ ہے، ’میں وفد کے لیے اس حیرت انگیز دورے کے دوران سہولیات فراہم کرنے پر پاکستانی فوج کی مشکور ہوں، یہ دورہ وفد میں شامل بہت سے لوگوں کے لیے زندگی میں ایک بار آنے والا نادر و نایاب موقع ہو سکتا ہے۔ کرتارپور راہداری پاکستان اور ہندوستان کے لوگوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مثالی منصوبہ ہو سکتا ہے، ایک پرجوش موسیقار کارپورل چمندیپ سنگھ نے پنجاب کی ثقافت اور موسیقی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کئی روز سے قیام پذیر ہیں اور اس دوران یہ جگہ گھر جیسی محسوس ہوتی ہے ،کرتارپور راہداری کے چیف گوبند سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے سہولت دی ہے، لیکن بھارتی حکومت کی پابندیوں اور کلیئرنس کے طویل عمل کی وجہ سے لوگ آکر مذہبی مقامات کا دورہ نہیں کر پارہے ہیں۔