کشمیر میں گرفتار BJP کے آئی ٹی سیل کا انچارج مبینہ ’دہشت گرد‘ تنظیم کا رکن نکلا

July 04, 2022

سرینگر (جنگ نیوز )مقبوضہ کشمیر میں ایک دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے جو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا سرگرم رکن بھی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شخص مقبوضہ جموں میں بی جے پی کے سوشل میڈیا اور آئی ٹی سیل کا انچارج بھی تھا۔طالب حسین شاہ نامی شخص اور اس کے ساتھی کو جموں کے ریاسی کے علاقے میں گاؤں کے لوگوں نے اتوار کی صبح پکڑا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔بی جے پی نے اس کا الزام آن لائن ممبر شپ پر ڈالا ہے جس کی وجہ سے لوگ کسی جانچ پڑتال کے ذریعے پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔بی جے پی کے ترجمان آر ایس پٹھانیا نے کہا کہ ’اس گرفتاری سے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ میں کہوں گا کہ یہ نیا ماڈل ہے۔ بی جے پی میں داخل ہونا، رسائی حاصل کرنا اور ریکی کرنا۔ان کا کہنا تھا کہ حتٰی کہ چوٹی کی قیادت کو قتل کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔