کراچی میں ساتویں جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح

July 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے متوسط طبقے کو رعایتی قیمت پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی میں ساتویں اور اعظم بستی میں پہلی جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح کردیا، اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد، امریکا کے معروف ماہر امراض قلب، پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے المنس ڈاکٹر جاوید سلیمان، ڈاکٹر زاہد جمال، ڈاکٹر مکرم، لیب منیجر حسنین عباس و دیگر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کا کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو لیب کے نتائج درستی اور معیار کے اعتبار سے اپنی ایک پہنچان رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہےکہ تیزی کیساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں جے ایس ایم یو لیب کے کلیکشن مراکز کھولے جارہے ہیں اور اس اقدام کا مقصد ہر شہری کیلئے ارزاں قیمت پر ٹیسٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرناہے۔قبل ازیں جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیبارٹری سے متصل نارتھ امریکن فزیشنز آف کراچی اوریجن(ناپکو)ہارٹ کلینک کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب کا سلوگن ’’احتیاط علاج سے بہتر ہے‘‘تھا، کلینک کا افتتاح این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے کیا۔