سازشی بیانیہ نہیں چلے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کا لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

July 04, 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز نے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ،ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ سازشی بیانیہ نہیں عوام کی خدمت چلے گی طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم پھر شروع ہورہی ہے۔گھبرانے والے نہیں، وقت ضائع کئے بغیر عوامی حالت زار بدلنے کیلئےسرگرم عمل ہیں ،مسائل ختم کردینگے،عام آدمی کی حالت زار بدلنے کے لئے تما م تروسائل بروئے کار لا رہے ہیں،مشکلات سے نہیں گھبراتے، مسائل پر قابو پا کر دم لیں گے- وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کا موقع دیا،وقت ضائع کئے بغیر سرگرم عمل ہیں۔ عوام کی مشکلات اور دکھوں کا احساس ہے اسی لئے کابینہ نہ ہونے کے باوجود فوری طور پر 200-ارب سبسڈی دیکر آٹا سستا کیا، ہسپتالوں میں مفت ادویات دستیاب ہیں۔کینسر مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے فوری اقدامات کئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مزدور کے لئے کم از کم اجرت 25ہزار مقرر کر دی۔مہنگا ئی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردیا گیا۔سیف سٹی کیمروں کی بحالی سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے مخلوق خدا کی خدمت ہی میرا منشور ہے۔