کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے: حافظ نعیم الرحمٰن

July 04, 2022

فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر احتجاج کر رہے ہیں، سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگا کر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کے فور منصوبہ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں، عملی طور پر کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کر رہا، اپریل کے آخر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط میں کراچی میں پانی کی کمی سے متعلق بتایا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ اب تو پیپلز پارٹی وفاق میں بھی ہے مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، وزیرِ اعظم کراچی کو کراچی کے حق کا پانی دیں اور ٹینکر مافیا کو بند کر دیا جائے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ نعمت اللّٰہ خان نے گھر گھر تک پانی پہنچایا تھا، کراچی کے لیے قائم کی گئی کمیٹی نے بھی کوئی کام نہیں کیا، شہر کے بڑے نالے تاحال صاف نہیں کیے گئے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نالوں کے قریب قائم آبادی میں اس وقت لوگ پریشان ہیں، سیاسی ایڈمنسٹریٹر جواب دیں کہ انہوں نے اتنے عرصے میں کتنا کام کیا۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ اس وقت یرغمال بنا ہوا ہے، غیر قانونی طور پر ترقیاتی کام جاری ہے، بارش کی چند بوندوں نے شہر کے ناکارہ سسٹم کو ناکام بنا دیا ہے، حکومت کے اداروں کو منظرِ عام پر آنا چاہیے۔