اسلام آباد ہائیکورٹ کا لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم

July 04, 2022

فائل فوٹو

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو وزیرِ اعظم عدالت میں پیش ہوں۔

لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ یہ حقیقت ہے کہ کوئی کچھ نہیں کر رہا، اس وقت کتنے شہری لاپتہ ہیں؟

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ رپورٹ کے مطابق 8400 میں سے ابھی 600 لوگ لاپتہ ہیں اور بہت سارے لوگ اس کیس میں ڈبل رول ادا کر رہے ہیں۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کہا کہ اتنی پولیس کو بھرتی کیا ہے، ان کا کیا کام ہے پھر؟

فرحت اللّٰہ بابر نے عدالت کو بتایا کہ اتنے لوگوں کو اٹھایا گیا، ابھی تک پتہ نہیں چلا کہ کس نے ان لوگوں کو اٹھایا۔

عدالت نے فرحت اللّٰہ بابر سے کہا کہ آپ کی حکومت میں بھی لوگ اٹھائے گئے، آپ نے تب کیا کیا؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔