سرکاری عمارتوں کے لیے سولر پینل سلیمان شہباز کی کمپنی بیچے گی، عمران اسماعیل

July 04, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری عمارتوں کے لیے سولر پینل کی خریداری شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی کمپنی سے کی جائے گی۔

اپنے بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ کابینہ نے سرکاری عمارتیں سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف نے ترکی سے تعلقات بہتر کرنے پر توجہ نہیں دی، انہوں نے سلیمان شہباز کے سولر انرجی معاہدے کروائے، اب سلیمان شہباز کی کمپنی سے سولر پینل خریدے جائیں گے۔



ترجمان شریف گروپ آف کمپنیز کی تردید

ترجمان شریف گروپ آف کمپنیز نے سولر پینلز کی درآمد پر سلیمان شہباز سے متعلق پیغامات کی تردید کردی۔

شریف گروپ کا کہنا ہے کہ سلیمان شہباز یا ان کی کسی کمپنی کا سولر پینلز کی درآمد یا کاروبار سے واسطہ نہیں، بے بنیاد الزامات پی ٹی آئی کی پراپیگنڈا ٹیم بالخصوص عمران اسماعیل کی گھناؤنی مہم کا حصہ ہیں۔

ترجمان شریف گروپ کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل کو اپنی ٹوئٹ واپس لینے اور جھوٹے الزامات پر معذرت کرنے کا کہا گیا ہے، ایسا نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔