سندھ پولیس ملازمین کے گریڈ بھی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ملازمین کے برابر

July 04, 2022

سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر سعید احمد منگریو نے سندھ پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کے گریڈ پنجاب اور خیبر پختونخوا پولیس کے عہدوں کے ملازمین کے برابر کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو بھجوا دی ہے۔

سمری کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر کے دوران سندھ پولیس کے ملازمین کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ نے 29 جون کو سیکریٹری داخلہ سندھ کو خط لکھا تھا۔

خط میں سندھ پولیس کے کانسٹیبلز، ہیڈ کانسٹیبلز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کے گریڈ کو دوسرے صوبوں کے مساوی اپ گریڈ کرنے کا کہا گیا تھا۔

سمری کے مطابق سندھ پولیس میں اے ایس آئی کو گریڈ 9 دیا گیا تھا جبکہ دیگر صوبوں میں اس عہدے کے اہلکار گریڈ 11 پر ہیں، تاہم سمری میں سندھ کے اے ایس آئیز کو بھی گریڈ 11 دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح سندھ میں ہیڈ کانسٹیبلز اور ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبلز کو گریڈ 7 اور ڈرائیور کانسٹیبل کو گریڈ 5 دیا جا رہا ہے۔

سمری میں مذکورہ بالا عہدوں کو بالترتیب گریڈ 9 اور 7 دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ان احکامات پر عمل درآمد کے بعد سندھ پولیس کے مذکورہ بالا ملازمین کو یکم جولائی 2022 سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔