نیب ترجمان نے شہباز گل کے بیان کو جھوٹا قرار دے دیا

July 05, 2022

نیب ترجمان نے (ن) لیگ کے گرفتار رہنماؤں کے فون کا ڈیٹا سامنے رکھنے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے شہباز گِل کے دعوے کو غلط قرار دیا۔

پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے بھی شہباز گِل کے بیان کی اونرشپ لینے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گِل نے دعویٰ کیا تھا کہ (ن) لیگ کے جتنے بھی لیڈر نیب کیسز میں پکڑے گئے تھے، ان کے فون کا ڈیٹا اگر سامنے رکھ دیا جائے تو ان کے اندر کون کون سی کمزوریاں ہیں، وہ سب کے سامنے آجائیں گی۔

شہباز گل کے دعوے پر یہ سوال اٹھا کہ نیب کے زیرِحراست ملزمان کا ڈیٹا ان کے پاس کیسے آگیا؟