پولیو و دیگر امراض کی روک تھام کیلئے سب کردار ادا کریں،علماء

July 06, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بچوں کو پو لیو و دیگر موذی امراض سے بچانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوئی ہے ، والدین ، علما ء کرام ، اساتذہ ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت معاشرے کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مستقبل کے معماران کو موزی امراض سے بچانے کے لئے حکومت اور دیگر تنظیموں کا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار ای او سی سنٹر بلوچستان میں مختلف اضلاع کے علما کرام ، بین الاقوامی ادارہ صحت ، یونیسف ، سی ڈی سی کے رہنمائوں نے صوبائی کوآرڈنیٹر حمید اللہ ناصر کی صدرات میں ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں پولیو ای ایف سرویلینس نیٹ ورک کو بہتر بنانے سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔ اس موقع پر صوبائی کوآرڈنیٹر حمید اللہ ناصر کہا کہ علما ئےکرام پولیو کے خاتمے کیلئے جس انداز میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ، علما کرام کی کوششوں سے مذہبی بنیادوں پر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرئے پلانے کے انکاری والدین کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عطاالرحمٰن ، مولانا انوار الحق حقانی و دیگر نے کہا کہ بچوں کو مختلف امراض سے بچانے کے لئے والدین میں شعور و آگاہی میں علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی اور مہلک بیماریوں سے بچانے کے لئے معاشرے کے تمام افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، انہوں نے یقین دلایا کہ علما ئےکرام پولیو سمیت دیگر بیماریوں کے خاتمہ اور اس سے مستقبل کے معماران کو محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔