بارش میں سندھ اسمبلی کی چھت ٹپکنے کی ویڈیو وائرل

July 06, 2022

گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش نے سندھ اسمبلی کی چھت کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

بارش کے دوران سندھ اسمبلی کے اندر اور احاطے کے مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سندھ اسمبلی کے باہر پانی کھڑا ہے جبکہ اسمبلی کے اندر موجود اراکینِ چھت ٹپکتے دیکھ کر پریشان ہیں، اراکینِ سندھ اسمبلی شور مچا رہے ہیں اور ساتھ میں ویڈیو بنا رہے ہیں۔

ویڈیو میں متعدد اراکینِ اسمبلی چھت ٹپکنے پر اس کے گِر جانے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے وہاں موجود خواتین کو آگاہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی اربوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی ہے مگر سندھ حکومت کی کرپشن کا یہ حال ہے کہ بارش آنے پر اسمبلی کی چھت ہی ٹپکنے لگ گئی۔