نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، کس کا کونسا نمبر؟

July 06, 2022

فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم بیٹرز میں چوتھی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

نئی درجہ بندی کے مطابق انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر، آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کا دوسرا اور اسٹیو اسمتھ کا تیسرا نمبر برقرار ہے۔

درجہ بندی میں بھارت کے ریشبھ پنت پہلی مرتبہ ٹاپ 10 میں شامل ہوئے اور پانچویں نمبر پر آگئے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔

بھارت کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے جانی بیئرسٹو بھی درجہ بندی کے سر فہرست 10 پلیئرز میں شامل ہوگئے، وہ گیارہ درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر آگئے اور بھارت کے روہیت شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے۔

اس درجہ بندی میں آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں اور سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے آٹھویں نمبر پر ہیں۔

بولنگ کے شعبے کی بات کی جائے تو آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا پہلا نمبر برقرار ہے، اسی طرح بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے، جسپریت بمراہ تیسرے اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ایجبسٹن ٹیسٹ میں 6 وکٹیں لینے والے انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے۔

دوسری جانب پاکستان کے حسن علی ایک درجہ ترقی کے بعد 15ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جادیجا کا پہلا نمبر ہے۔