عید پر سیاحوں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں‘ آئی جی

July 07, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ عید قربان کی چھٹیوں میں ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت، تحفظ اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر بہترین انتظامات کئے جائیں۔ مری ٹورازم پولیس کے اہلکارو افسران شہریوں کی خدمت، رہنمائی اور سکیورٹی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پولیس پنجاب نے بدھ کو پتریاٹہ میں نوتعمیر شدہ پولیس کاٹیج کا افتتاح کرنے کے بعد مری پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رش کے پیش نظر شاہراہوں اور مصروف پوائنٹس پر وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے، ٹریفک روانی میں دانستہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں ہو گی۔ آئی جی پنجاب نے مری ٹورازم پولیس کے دستے میں شامل جوانوں کی کارکردگی اور جوش و جذبے کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مری ٹورازم پولیس کے اہلکار عید کی چھٹیوں میں مری آنے والے سیاحوں کی مدد اور تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں اور خاص طور پر فیملیوں کو ہرممکن رہنمائی اور سکیورٹی فراہم کریں۔ رائو سردار علی خان نے کہا کہ مری میں گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے اور سپروائزری افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔ پری مون سون سیزن اور شدید بارشوں کے پیش نظر ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی تیاری رکھی جائے اور پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق انتظامات مکمل کرے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی پولیس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، مری ٹورازم اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔