مسلح ساتھیوں نے تین ملزمان کو پولیس حراست سے چھڑوا لیا

July 07, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )تھانہ ترنول کے علاقے میں سرقہ وغیرہ کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو انکے مسلح ساتھیوں نے پولیس حراست سے چھڑوا لیا، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو پولیس حراست سے لے اڑے،اشفاق ایس آئی تھانہ گولڑہ نے تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ سرقہ وغیرہ کے مقدمات میں سید محمد، عطااللہ اور عبدالرحیم جسمانی ریمانڈ پر تھے ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کا انکشاف کیااور انکو گرفتار کروانے کے لیے پولیس ٹیم کے ساتھ آئے ، رات دس بجے کے قریب ایک کار آئی ملزمان نے فرنٹ سیٹ پر جانس خان کی نشاندہی کی گاڑی میں دیگر دوتین بھی سوار تھے ، جنھیں روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم ملزمان اپنے تینوں ساتھیوں کو لے کر فرار ہوگئے انکا پیچھا کرنے کی کوشش کی مگر رش کے باعث ملزمان فرار ہوگئے ، تھانہ ترنول پولیس نے پولیس مقابلے وغیرہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔