ایم اے جی نے سفارش کروانے والے افسر کو دوران میٹنگ جھاڑ پلادی

July 07, 2022

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) ملٹری اکائونٹینٹ جنرل (ایم اے جی) منظور احمد کیانی نے کنٹرولر ملٹری اکائونٹس (ایف ڈبلیو او) کا دورہ کیا۔ کنٹرولر کے کورس پر ہونے کے باعث انہوں نے اکائونٹس افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔ ذرائع کے مطابق ملٹری اکائونٹینٹ جنرل نے سفارش کروانے والے ایک اکائونٹ افسر کو اجلاس کے دوران ہی مبینہ طور پر جھاڑ پلا دی اور سفارش کروانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ایک اکائونٹ افسر نے بتایا کہ ملٹری اکائونٹینٹ جنرل نے ایک کنٹریکٹر کو سترہ لاکھ روپے کے بل کی فوری ادا ئیگی کی بھی ہدایت کی جس پر بعض اکائونٹ افسران کنٹریکٹر کے بل کی تیاری میں بدھ کے روز شام گئے تک بیٹھے رہے۔ ایم اے جی نے اجلاس کے دوران ادارے میں موجود افسران و دیگر عملہ کے حوالے سے بھی تفصیلات پوچھیں۔ انہوں نے اکائونٹس افسران پر زور دیا کہ اگر کسی کا کوئی جائز کام ہے تو وہ مجھے آکر بتاسکتے ہیں مگر سفارشوں سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اکائونٹس افسران اور اسسٹنٹ اکائونٹس افسران ایل اے او یا پھر دیگر اہم پوسٹوں پر لگنے کی سفارشوں میں مصروف رہتے ہیں جو کسی لحاظ سے بھی درست اقدام نہیں۔ ایک اکائونٹ افسر کا کہنا تھا کہ ایم اے جی نے کنٹریکٹر کو بل کی ادائیگی بذریعہ پی اے دینے کی ہدایت کی۔ ایم اے جی کے پی اے (سٹاف افسر) سے اس حوالے سے بات کی تو انہوں نے ہنستے کو کوئی جواب نہ دیا۔