معروف برانڈز کی جعلی مشروبات تیار کرنیوالی فیکٹری سیل‘ سامان ضبط

July 07, 2022

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیم نےجعلساز مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پرانا سبزل روڈمیں معروف برانڈز کی جعلی مشروبات تیار کرنیوالی فیکٹری سیل جبکہ ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات ضبط کرلیں ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پرانا سبزل روڈ میں واقع فیکٹری میں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جعلی کولڈڈرنکس تیار کرکے شہر میں سپلائی کی جارہی تھیں۔ فیکٹری سے برآمد شدہ ہزاروں لیٹر جعلی کولڈڈرنکس ، مشروبات بنانے والی مشینیں ، خالی بوتلیں ، جعلی لیبلنگ و مضر صحت کیمیکل اور فلیورز قبضہ میں لے لئے گئے ، فیکٹری کو سربمہر جبکہ مضرصحت و جعلی مشروبات بنانے پر فیکٹری مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ شہری اپنے گلی محلوں میں قائم غیر قانونی و جعل ساز فیکٹریوں سے متعلق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں ،اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ جعلی اشیاء خوردونوش بنانے اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے اب بی ایف اے کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ، بی ایف اے ذاتی فائدے کیلئے ناقص ، جعلی و مضر صحت خوراک بنانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی۔علاوہ ازیں بی ایف اے کی دیگر فوڈ اینڈ ملک سیفٹی ٹیموں نے سرکی روڈ ، اختر محمد روڈ ، کلی پائند خان ،جناح ٹاؤن اور سریاب روڈ میں مراکز کا معائنہ کیا ، دوران معائنہ ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 6 ملک شاپس جبکہ بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی سمیت مختلف وجوہات متعدد مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔دیگر جرمانہ کئے گئے مراکز میں 1 آئس فیکٹری اور 3 بیکنگ یونٹس بھی شامل تھے ۔