اسٹاک مارکیٹ، آئی ایم ایف قرض کے امکانات روشن، 518 پوائنٹس کا اضافہ

July 14, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد بدھ کو کھلنے والی حصص مارکیٹ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار حصص تیزی کی جانب گامزن رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ گیا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 73ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ65.23فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کیساتھ قرض کے حوالے سے پاکستان کے معاملات طے پاجانے کے امکانات روشن ہونے پر سرمایہ کاروں میں پائی جانیوالی بے چینی دور ہونے کی وجہ سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس میں 518.76پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 41344.01پوائنٹس سے بڑھ کر41862.77 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 263.02پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 15727.63پوائنٹس سے بڑھ کر 15963.65پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28474.33پوائنٹس سے بڑھ کر28777.50پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 73 ارب 90کروڑ9لاکھ49ہزار702روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69 کھرب41ارب54 کروڑ93لاکھ 19 ہزار 153 روپے سے بڑھ کر70کھرب15ارب 45 کروڑ 2لاکھ68ہزار854روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو6ارب روپے مالیت کے 16کروڑ48لاکھ27ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔