انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا

July 14, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترسیلات زر کی آمد توقع کے مطابق زیادہ نہ ہونے سے امریکی ڈالر کے سامنے پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار ہے جس کی وجہ سے انٹر بینک میں ڈالر3روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر2روپے مہنگا ہو گیا۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق جب تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پا جاتا روپیہ دباؤ میں رہنے کا امکان ہے۔ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں3.2روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 207.50روپے سے بڑھ کر210.70روپے اور قیمت فروخت207.80روپے سے بڑھ کر 211 روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں2.50روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 207.50روپے سے بڑھ کر210روپے اور قیمت فروخت 208.50روپے سے بڑھ کر211روپے ہو گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت خرید 209.50روپے سے کم ہوکر کر208 روپے اور قیمت فروخت212.50روپے سے ہوکر کر211روپے پر آگئی جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 247روپے اور قیمت فروخت250روپے پر مستحکم رہی۔