خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے میں پانچ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز بنانے کا فیصلہ

July 16, 2022

پشاور(اے پی پی)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں پانچ سپیشل ٹیکنالوجی زونز بنا نے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبرپختونخوا کے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق صوبے میں پانچ سپیشل ٹیکنالوجی زونز بنا نے کا مقصد صوبے میں آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینا ہے، سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام سے قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ آئی ٹی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع بھی میسر آئینگے ،آ ئی ٹی انڈسٹری کے فروغ سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورا ملک ڈیجیٹل اکانومی میں ترقی کرے گا، پہلے دن سے ہی ہماری حکومت کی توجہ ڈیجیٹائزیشن پر مرکوز تھی یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل صوبہ بنانے کیلئے آئی ٹی کے فلیگ شپ منصوبوں پر کام جاری ہے کیونکہ مستقبل ڈیجیٹل اکانومی کا ہے اس لئے کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار ڈیجیٹل اکانومی پر ہی ہوگا،خیبرپختونخوا حکومت میں صوبے میں آئی ٹی کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائینگے جو پورے ملک کے لئے قابل تقلید ہو ں گی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس سلسلے میں بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز بھی کردیا ہے۔اس سلسلے کی پہلی کھڑی خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور یونیورسٹی آف سوات کے درمیان سپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے،مفاہمتی یادداشت کے تحت سوات میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے لئے یونیورسٹی آف سوات اراضی فراہم کرے گا۔