پاکستان کیلئے کمبوڈیا سے تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود

July 16, 2022

اسلام آباد (اے پی پی)کمبوڈیا میں تعینات پاکستان کے سفیر ظہیر الدین بابر تھہیم نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کمبوڈیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا تاجر برادری ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کرے جبکہ سفارتخانہ اس سلسلے میں ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زیادہ تر مال باہر سے درآمد کرتا ہے لہذا پاکستان کمبوڈیا کو ٹیکسٹائل، گارمنٹس، فارماسوٹیکلز اور کمیکلز سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ظہیرالدین بابر تھہیم نے کہا کہ کمبوڈیا کا نجی شعبہ پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے لہذا آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد کمبوڈیا بھیجنے پر غور کرے تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے باہمی تجارت کی اصل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا میں تعمیراتی شعبہ اس وقت تیزی سے ترقی کر رہا ہے لہذا پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ کمبوڈیا کو تعمیراتی سامان بھیجنے کے مواقع تلاش کرے۔