انٹر بینک، ڈالر 211 روپے سے تجاوز

July 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی ایم ایف کیساتھ پاکستان کو قرض پروگرام کی بحالی کا معاہدے طے پانے کے باوجودپاکستانی روپیہ کی قدر گر گئی جس کی وجہ سے جمعہ کو انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک بار پھر211روپے سے تجاوز کر گیا۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق بینکوں میں ادائیگیوں کے بعد سے ڈالر کی فروخت شروع ہوئی، زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات کی مد میں خاطر خواہ رقم نہ آنے کے سبب ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا،زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے تک پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔فاریکس رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.25روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت فروخت210روپے سے بڑھ کر211.25روپے ہو گئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 208.50روپے سے بڑھ کر210روپے اور قیمت فروخت209.50روپے سے بڑھ کر211روپے ہو گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 207روپے اور قیمت فروخت210روپے پر مستحکم رہی جبکہ1روپے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 245روپے سے بڑھ کر246روپے اور قیمت فروخت248روپے سے بڑھ کر249روپے پر جا پہنچی۔