لارج میگلینک کلائوڈ کہکشاں میں نایاب بلیک ہول

August 08, 2022

ماہرین فلکیات خلا میں تحقیقات کرکے نت نئی چیزیں منظر عام پر لارہے ہیں۔اس ضمن میں سائنس دانوں نے ڈور منٹ بلیک ہول دریافت کیا ہے۔ محققین کے مطابق حاصل ہونے والےڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ ہماری ملکی وے کہکشاں کی پڑوسی کہکشاں لارج میگلینِک کلاؤڈ میں ایک اسٹیلر ماس بلیک ہول موجود ہے۔ وہ ستارہ جو اس بلیک ہول کا سبب بنا وہ بغیر کسی طاقتور دھماکے کے ختم ہوا تھا۔

اس سے قبل بھی بلیک ہول دریافت ہوئے ہیں لیکن محققین کے مطابق یہ بلیک ہول اپنی نوعیت کا علیحدہ بلیک ہول ہے۔ ایمسٹرڈم یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ٹومر شینر، جو تحقیق کے مصنف بھی ہیں ان کا کہنا ہے کہ پہلی بار ہماری ٹیم کسی بلیک ہول کی دریافت کو مسترد کرنے کے بجائے، اس کی تصدیق کررہی ہے اور اس بلیک ہول کی تلاش کو انتہائی مشکل قرار دیا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق ڈورمنٹ بلیک ہولز کی موجودگی کائنات میں نسبتاً عام ہے، لیکن ہم ان کے متعلق بہت کم جانتے ہین اور ان کی مصدقہ مثالیں بہت نایاب ہیں۔ ان کی نشان دہی میں مشکلات کی وجہ یہ ہے کہ ڈورمنٹ ہونے کے سبب یہ اپنے اطراف سے زیادہ رابطے میں نہیں ہوتے۔