ناریل اور زیتون کے تیل میں سے دل کیلئے کون سا زیادہ فائدہ مند ہے؟

August 01, 2022

فائل فوٹو

دل انسانی جسم کا مرکزی اور اہم ترین عضو ہے جس کے صحت مند، متاثر یا کمزور ہونے سے انسانی مجموعی صحت پر اثر پڑتا ہے، دل کی صحت اور کارکردگی برقرار رکھنے کے لیے یہ جاننا لازمی ہے کہ غذا میں کس قسم کی چکناہٹ شامل کریں اور کونسی نہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق انسانی غذا کا 20 فیصد حصہ چکنائی پر مشتمل ہونا چاہیے، ایسے میں یہ جاننا نہایت لازمی ہے کہ دل کی صحت کے لیے کونسی اور کیسی چکنائی کو غذا کا حصہ بنانا چاہیے۔

غذائی ماہرین کے مطابق کھانے پکانے والے تیل کے ایک چمچ میں ایک ہی برابر کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ ’اَن سیچو ریٹڈ‘ تیل کو صحت کے لیے بہتر قرار دیا جاتا ہے۔

امریکن ہیلتھ ایسوسی ایشن (اے ایچ اے) سفارش کرتی ہے کہ جب بھی آپ اپنے لیے کوکنگ آئل کا انتخاب کریں تو پہلے اُس میں ’اَن سیچو ریٹڈ‘ چکنائی کی مقدار دیکھیں۔

زیتون کا تیل صحت بخش ہے؟

زیتون کا تیل طبی لحاظ سے بہت فائدہ مند ہے ، زیتون کے تیل میں موجود بھاری مقدار میں میکرونیوٹریشن ، فیٹی ایسڈ اور وٹامن موجود ہوتے ہیں جو اسے ایک صحت مند غذا بناتے ہیں۔

زیتون کا تیل ’مونو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈ‘ سے بھرپور ہوتا ہے جوکہ ہماری صحت کے لیے مفید ہے، زیتون کے تیل کے استعمال سے شوگر کنٹرول میں رہتی ہے اور اس سے کولیسٹرول کی بڑھتی سطح بھی کم ہوجاتی ہے۔

اس کے علاوہ زیتون کے تیل میں اولیک ایسڈ نامی فیٹی ایسڈ بھی موجود ہوتا ہے جوکہ ہمارے جسم کی سوزش کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس تیل میں پائے جانی والی اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات انسانی جسم کودائمی بیماریوں کے خطرے سے بھی بچا سکتی ہیں۔

ناریل کا تیل زیادہ مفید؟

جس طرح زیتون سے تیل نکالا جاتا ہے، اسی طرح ناریل کا بھی تیل نکالا جاتا ہے اور اس تیل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے متعدد صحت سے متعلق بےشمار فوائد ہیں۔

ناریل کا تیل کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ بہت فائدہ مند ہے کیونکہ یہ کھانوں میں عمدہ چکنائی کا کام انجام دیتا ہے، اس کو مکھن کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جراثیم کش اثرات رکھنے سے لے کر چربی جلانے کے عمل کو تیز کرنے تک، ناریل کا تیل کئی طریقوں سے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

ناریل کے تیل میں پکا ہوا کھانا کھانے سے لبلبہ اور جگر پر تناؤ کم ہوجاتا ہے اور یہ معدے کی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔

ایک اچھے فیٹی ایسڈ کی طرح، ناریل کا تیل آپ کے جوڑوں کو چکنائی فراہم کرتاہے اور اسی طرح یہ گٹھیا اور جوڑوں کے دیگر مسائل کا علاج کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

تاہم، ناریل کا تیل صحت اور غذائیت کے لحاظ سے ہمارے جسم کو وہ سب نہیں دے سکتا جو زیتون کا تیل فراہم کرتا ہے۔

زیتون کا تیل ہمارے جسم سے خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے جس سے امراضِ قلب کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

دوسری جانب زیتون کا تیل ٹائپ 2 ذیابطیس اور کینسر کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔