وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک تصویر نے کروڑوں دل جیت لیے

August 02, 2022

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سیلاب سے متاثرہ بچی کے چہرے پر ہنسی لانے کا ایک انداز

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ بلوچستان سے ایک دل کو چھو لینے والی ویڈیو اور تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے حالیہ موسلادھار بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں اور خاندانوں کا دورۂ کیا۔

اس دوران شہباز شریف نے متاثرین کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور مناسب اقدامات نہ ہونے پر غصّے کا اظہار بھی کیا۔

متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے دوران شہباز شریف وہاں موجود بچوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرتے نظر آئے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ناصرف بچوں سے نام دریافت کیے بلکہ اُن سے باتیں بھی کیں۔

ان لمحات نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی لاکھوں دلوں میں گھر کر لیا حتیٰ کہ وزیر اعظم کے مخالفین بھی اس عمل پر شہباز شریف کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

بعد ازاں ایک تصویر شہباز شریف کی جانب سے بھی اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی۔

پوسٹ کے کیپشن میں شہباز شریف کا لکھنا تھا کہ ’بچے کی مسکراہٹ خدا کی جانب سے دیا گیا تحفہ ہے‘۔