اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی سرگرمی، 116 پوائنٹس کا اضافہ

August 03, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اتار چڑھاو کے بعد مثبت رحجان، کے ایس ای 100انڈیکس میں 116پوائنٹس کا اضافہ، 58.40فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں 13ارب 82کروڑ 78لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم 96.97 فیصد بڑھ گیا، تفصیلات کے مطابق منگل کو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے سرگرمی دیکھنے میں آئی اور کاروباری حجم پیر کی نسبت 10 کروڑ 70 لاکھ 82ہزار شیئرز کے اضافے سے 21 کروڑ 78 لاکھ 4ہزار شیئرز پر پہنچ گیا ، کاروباری حجم میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ نظر آیا اور ایک موقع پر 100انڈکس 313 پوائنٹس کی کمی سے 40ہزار کی حد سے بھی نیچے آگیا ، لیکن بعد ازاں خریداری بڑھنے سے انڈیکس 383 پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا لیکن اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 115.65 پوائنٹس کے اضافے سے 40191.61 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 58.15پوائنٹس کے اضافے سے 15247.84 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 56.76پوائنٹس کے بڑھنے کے بعد 27898.31 پوائنٹس پر آگیا ،مجموعی طور پر مارکیٹ میں 327کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 191 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، 105 کمپنیوں کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی اور 31 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،سرمایہ کاری مالیت 13 ارب 82کروڑ 78لاکھ 25ہزار روپے کے اضافے سے 6796 ارب 83 کروڑ 39 لاکھ 4ہزار روپے ہو گئی۔