برمنگھم کامن ویلتھ گیمز 2022 سے سری لنکن ریسلر لاپتہ

August 06, 2022

لندن (پی اے) برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022سے سری لنکا کا ایک ریسلر بھی لاپتہ ہونے والے تین افراد میں شامل تھا۔ پیر کو جوڈو ٹیم کے دو ارکان کامن ویلتھ گیمز ویلج سے لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ان سے پولیس نے بات کی لیکن ان کے ساتھی کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔ سری لنکن اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ یوڈا پیڈیج شانیتھ چتھورنگا جمعرات کو ایتھلیٹس ویلج سے نکل گیا تھا۔ پولیس نے تصدیق کی کہ وہ20سالہ شخص کو تلاش کر رہی ہے۔ دیگر دو جوڈوکاز ماراپولیگے چمیلا ڈیلانی اور جوڈو آفیشل تکیری ہناڈیگے ڈومینڈا اسیلا ڈی سلوا کو پولیس نے بغیر وارننگ کے ایتھلیٹس ویلج چھوڑنے کے بعد تلاش کیا۔ قبل ازیں پیر کو ماراپولیگے اپنے مقابلے کے ابتدائی راؤنڈ میں ویلز کی ایشلی بارنیکل سے ہار گئی تھی۔ ٹیم ترجمان نے کہا کہ تینوں ایتھلیٹس کے پاس چھ ماہ کیلئے درست وزٹ ویزہ ہے، اس لئے ان کے لاپتہ ہونے کی وجوہ کے بارے میں کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچنا مشکل ہے۔ انہوں نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایتھلیٹس نے اب اپنے پاسٹورٹ اور دیگر قیمتی چیزیں متعلقہ سپورٹس ڈسپلن آفیشلز کو ہینڈ اوور کر دیئے ہیں تاکہ وہ محفوظ رہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کھیلوں کے کسی بڑے عالمی ایونٹ میں کھلاڑیوں کو لاپتہ ہوتے دیکھا گیا ہو۔ متعدد افریقی کھلاڑی 2018 میں آسٹریلیا میں گیمز سے غائب ہوئے تھے جبکہ 2002 میں مانچسٹر گیمز سے بھی 26 کھلاڑی غائب ہو گئے تھے۔ لندن اولمپکس 2012 کے دوران 21 کھلاڑی اور کوچ غائب ہوئے تھے جبکہ 2011 میں فرانس میں ایک ہوٹل سے سینیگال کی پوری فٹ بال ٹیم غائب ہو گئی تھی۔