تہجد اور صلوٰۃ الحاجات پڑھنے کی عادی ہوں، متھیرا

August 06, 2022

اسکرین گریب

پاکستانی معروف میزبان متھیرا کا کہنا ہے کہ وہ تہجد کی نماز اور صلوٰۃ الحاجات پڑھنے کی عادی ہیں، وہ انگریزی زبان میں قرآن پاک بھی پڑھتی ہیں۔

گزشتہ دنوں متھیرا ایک پوڈ کاسٹ کا حصہ بنیں، پوڈ کاسٹ کے میزبان یوٹیوبر مورو کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ 30 سال کی ہو گئی ہیں اور اب انہوں نے کافی حد تک اپنا رہن سہن تبدیل کیا ہے۔

متھیرا کا بتانا تھا کہ انہوں نے مختصر کپڑے بھی پہن لیے اب انہوں نے اپنی الماری میں بہت سی تبدیلیاں کی ہیں اور مختصر کپڑے پہننے کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

متھیرا کا سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں مزید کہنا ہے کہ وہ تہجد بھی پڑھتی ہیں اور صلوٰۃ الحاجات بھی، وہ صلوٰۃ الحاجات کی نماز کبھی مس نہیں کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے قرآن کو انگریزی میں پڑھنا شروع کیا ہے کیوں کہ قرآن سمجھنا بھی ضروری ہے اور میری عربی اور اردو کچھ خاص اچھی نہیں ہے۔

متھیرا کا کہنا ہے کہ انسان کے لیے تبدیلی بہت ضروری ہے، ہر گزرتے وقت کے ساتھ انسان میں تبدیلی آجاتی ہے، اُنہیں لگتا ہے کہ اب وہ ذہنی طور پر زیادہ پختہ اور زیادہ سنجیدہ ہوگئی ہیں۔