وِل اسمتھ کے اداکار کو تھپڑ مارنے کی بیٹی نے حمایت کر دی

August 07, 2022

—فائل فوٹو

آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار وِل اسمتھ کی بیٹی ولو اسمتھ نے کِرس راک کو آسکر تقریب کے دوران تھپڑ مارنے پر والد کی حمایت کر دی۔

ولو اسمتھ ابتداء میں ول اسمتھ اور جاڈا پنکیٹ کی بیٹی ہونے کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز تھیں، لیکن آج کل اپنے گلوکاری و اداکاری کے کیریئر کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔

اُنہوں نے ول اسمتھ کے کرس راک کو تھپڑ مارنے پر اپنے والد کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ول اسمتھ ایک انسان ہیں اور کوئی بھی انسان کامل نہیں ہوتا اور میں اپنے والد سے ان کی خامیوں کے باوجود بھی بہت محبت کرتی ہوں۔

ولو اسمتھ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو اپنے والد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے میری تخلیقی صلاحیتوں کو بالکل بھی متاثر نہیں کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے پورے خاندان کو بطور انسان دیکھتی ہوں اور میں ان سے محبت کرتی ہوں اور ان سب کو بطور انسان ہی قبول کرتی ہوں۔

ول اسمتھ کی صاحبزادی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی بار ہماری پوزیشن کی وجہ سے یہ حقیقت قبول نہیں کی جاتی کہ ہم انسان ہیں اور ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ ہم ایسے طریقے سے کام کریں جو انسان کے لیے ممکن اور سازگار نہیں ہوتے۔