عالمی برادری جموں کشمیر میں امن کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے، مقررین

August 08, 2022

ویانا (اکرم باجوہ) 5اگست 2019کو بھارت نے غیرقانونی اور غیر اخلاقی طریقہ سے بزور طاقت مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنایا تھا اسی لیے5اگست کو پوری دنیا میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی یوم یکجہتی کشمیر مناتی ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے 5اگست کی شام کو پاکستان سفارتخانہ ویانا اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے تعاون سے سفارت خانہ میں یوم استحصال کے سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد قائم مقام سفیرِ پاکستان عمران سعید کی زیر سرپرستی کیا گیا ۔ تقریب میں آسٹریا میں پاکستانی کشمیری کمیونٹی اور ترکی اور مصری کمیونٹی کے ارکان اور میڈیا اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز صاحبزادہ سید غضنفر علی شاہ سید عبدالرحمان کی تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض تھرڈ سیکرٹری حسن عباس نے ادا کیے اور شرکا کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان کے صدر عارف علوی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے جاری کردہ 5 اگست کے حوالہ سے عوام کے نام پیغامات قائم مقام سفیرِ پاکستان عمران سعید نے پڑھ کر سنائے ۔ وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والی مختصر دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔ یوم استحصال کشمیر کی تقریب میں مختلف مقررین سکالر خرم افتخار،پروفیسر اظہر عباس سیالوی،علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،سابق سفارت کار حیات مہدی،پروفیسر ملک شوکت اعوان اور مصر کے پروفیسر عزت اواد ترکی کے پروفیسر ابوبکر نے 5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی مذمت کی۔ جس کے بعد فوجی محاصرہ اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ انہوں نے مقبوضہ کے لوگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد کی پرعزم حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔تقریب میں مصری نژاد آسٹرین پروفیسر عزت اواد نے مصری کمیونٹی اور ترکی کمیونٹی کی جانب سے کشمیری کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔آخر میں حاضرین شرکاء کے لیے سفارت خانہ میں ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔