بنگلہ دیش میں گیس سے برطانوی خاندان کے تیسرے فرد کی ہلاکت

August 08, 2022

لندن (پی اے) بنگلہ دیش میں کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے برطانوی فیملی کی ایک20سالہ خاتون سمیرا ہلاک ہوگئی یہ برطانوی فیملی کے تیسرے فرد کی ہلاکت ہے ،سمیرا کے والد 51سالہ والد رفیقل اور 16سالہ بھائی مہیقل پہلے ہی اسی گیس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں ، یہ لوگ بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں ایک فلیٹ میں مقیم تھے ،علاقے پولیس ان ہلاکتوں کی تفتیش کررہی ہے ،پولیس نے شبہ ظاہر کیاہے کہ26جولائی کو ہونے والی یہ ہلاکتیں مونو آکسائیڈ گیس کے سبب ہوئی ہیں ،برطانیہ کے علاقے کارڈف میں رہنے والے اس خاندان کے 3افراد کے جنازے میں سیکڑوںوگوں نے شرکت کی ،ہلاک ہونے والی خاتون سمیرا کے 24سالہ بھائی صادقل اور اس کی ماں حسن آرا بھی فلیٹ میں تھے لیکن ہسپتال میں طبی امداد دینے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت دیدی گئی، سمیر ا کے زندہ بچ جانے والے بھائی صادقل اور والدہ حسن آرا نے پولیس کو بتایا کہ وہ لوگ جس فلیٹ میں تھے اس میں ہنگامی حالت میں استعمال کیلئے ایک جنریٹر بھی تھا جو خراب تھا ،انھوں نے بتا یا کہ رات کو بجلی جانے کی وجہ سے اسے چلایاگیاتھا۔ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ فرید الدین نے بتایا کہ پولیس نے حسن آرا اور صادقل کے ساتھ فلیٹ کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ جب جنریٹر چلایاجاتا ہے تو اس میں سے دھواں نکل رہاتھا ہوسکتاہے کہ اس سے لوگوں کا دم گھٹ گیاہو ،اس کے نمونے لیبارٹری میں تجزئیےکیلئے بھیج دئے گئے ہیں ،کارڈف کی یہ فیملی 2ماہ کیلئے بنگلہ دیش گئی ہوئی تھی،ایک رشتہ دار انھیں بیہوشی میں دیکھا تھا ،متاثرہ فیملی کے رشتہ دار کا کہناہے کہ 26جولائی کو جب میری آواز پر کوئی جواب نہیں آیا تو میں نے کھڑکی سے دیکھا تو نظر آیا کہ سب لوگ بستر پر پڑے ہوئے ہیں،پولیس دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی صادقل نے پہلے پولیس کو بتایا تھا کہ اسے نہیں معلوم کہ کیاہوا وہ رات کو11 بجے کے قریب سونے کیلئے لیٹا تھا اور ہسپتال میں اس کی آنکھ کھلی۔