ونڈسر واٹر پارک میں لاپتہ 11 سالہ لڑکی کی لاش برآمد

August 08, 2022

لندن / لوٹن (نمائندہ جنگ) ونڈسر واٹر پارک میں لاپتہ ہونے کے بعد 11سالہ لڑکی کی بعد ازاں موت ہو گئی، تفصیلات کے مطابق واٹر اسپورٹس اینڈ ایکٹیوٹی پارک میں لاپتہ ہونے کے بعد11سالہ لڑکی کی موت ہوگئی، لڑکی کے مشکل میں پڑنے کے بعد ہفتہ کے روز تقریباً 3بج کر 55منٹ پر برکشائر کے ڈچیٹ میں لیکوڈ لیزر ونڈسر کی جھیل پر پولیس کو بلایا گیا، بچی کو ایک گھنٹے بعد ایمرجنسی سروسز تلاش کرنے میں کامیاب ہوسکیں اور اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن بعد میں اس کی موت ہو گئی، کچھ لوگ جو اسے تلاش کرنے کے لیے پانی میں گئے تھے ان کی بہادری کی تعریف کی گئی ہے۔ ٹیمز ویلی پولیس نے کہا کہ بچی کی موت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مائیکل گرین ووڈ نے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن واقعہ ہے ،انہوں نے کہا کہ کئی افرادبچی کے مشکل میں پڑنے کے فوراً بعد جھیل میں گئے لیکن اسے تلاش کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے کہا کہ وہ ان کی ہمت اور بہادری پر تعریف کرتے ہیں ۔ رائل برکشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس، بکنگھم شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس، سرے فائر اینڈ ریسکیو سروس اور ساؤتھ سنٹرل ایمبولنس سروس نے جائے وقوعہ پر پولیس افسران کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔ نیشنل پولیس ائر سروس بھی تلاش میں شامل تھی حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ لڑکی کہاں سے ملی ،لڑکی کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے اور افسران کی طرف سے ان کی مدد کی جا رہی ہے، ونڈسر اور میڈن ہیڈ کے مقامی پولیسنگ ایریا کمانڈر سپٹ گرین ووڈ نے اپنی ’’مخلصانہ تعزیت‘‘ پیش کی اور درخواست کی کہ لڑکی کے خاندان کی رازداری کا ’’احترام‘‘ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکمل حالات کو سمجھنے کے لیے اس واقعے کی تحقیقات کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ لیکویڈ لیزر ونڈسر اپنے آپ کو ’’یورپ کا سب سے بڑا ایکوا پارک‘‘ کا گھر قرار دیتا ہے جس میں بیرونی سرگرمیوں بشمول ویک بورڈنگ، جھیل پر تیرتا ہوا رکاوٹ کورس، کھلے پانی میں تیراکی اور کشتی کی سواری شامل ہیں، سوشل میڈیا پیج پر ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ یہ اتوار کو بند رہے گا، انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس انتہائی افسوسناک اور پریشان کن واقعے سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کے ساتھ ہیں، کمپنی نے مزید کہا کہ جب تک پولیس تحقیقات کے ابتدائی مراحل میں ہے اس پر مزید تبصرہ کرنا درست نہیں ہوگا لیکن یہ پورے عمل میں ان کی مکمل حمایت اور مدد جاری رکھے گی۔