عالمی برداری کشمیری قوم کی شناخت واپس دلائے، خالد میمن

August 08, 2022

برسلز/وارسا (حافظ انیب راشد) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پولینڈ میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر بھارت کے 5اگست 2019میں اٹھائے گئے غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولینڈ میں پاکستان کے نوتعینات سفیر ڈاکٹر خالد حسین میمن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے روا رکھے جانے والے ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برداری پر زور دیا کہ وہ کشمیری قوم کی شناخت کی واپسی اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم اور ان کے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام سے ان کی مرضی و منشا کے تحت ریاست کو حتمی شکل دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد اسی یاد دہانی کیلئے مسلسل جاری ہے اور اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جب کہ کشمیر پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔