انگلینڈ، ویلزاور اسکاٹ لینڈ میں سائیکل سواروں کیلئے سخت سزا کا قانون

August 08, 2022

لندن (پی اے) انگلینڈ ،ویلزاور اسکاٹ لینڈ میں ایک نیا قانون نافذ کرنے پر غور کیا جارہاہے جس کے تحت پیدل چلنے والوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے سائیکل سواروں کو سخت سزا دی جاسکے گی۔ٹرانسپورٹ کے وزیر گرانٹ شیپس کے پیش کردہ اس قانون سے قانون کا وہ سقم دور ہوجائے گا جس کے تحت پیدل چلنے والوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے سائیکل سواروں کو صرف 2 سال تک کی سزا دی جاسکتی ہے ،انھوں نے کہا کہ اس قانون سے وہ سائیکل سوار محتاط ہوجائیں گے جو لاپروائی کے ساتھ تیزرفتاری کامظاہرہ کرتے ہیں، خطرناک ڈرائیونگ سے کسی کی ہلاکت کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 14سال قید کی سزا دی جاسکتی ہے گرانٹ شیپس نے کہا کہ سائیکل سواروں کی ایک محدود خود غرض تعداد ایسی ہے جو خود کو سرخ بتی سے مستثنیٰ تصور کرتے ہیں ہمیں روڈ سیفٹی کے قوانین کی اس خلاف ورزی کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ضرورت ہے۔ڈیلی میل میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں انھوں نے لکھاہے کہ متاثرین کے ورثا اس طرح کے اقدامات کے طویل عرصے سے منتظر تھے ،گرانٹ شیپس نے سائیکل سواروں کی حوصلہ افزائی کے عمل میں بھی توازن کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ سائیکل سواروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ہی پیدل چلنے والوں کو غیر ذمہ درانہ رویئے کا اظہار کرنے والے سائیکل سواروں سے تحفظ دینا بھی ضروری ہے،تجویز کے مطابق موسم خزان میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران خطرناک سائکلنگ سے لوگوں کی موت کے حوالے ایک نیا قانون ٹرانسپورٹ سے متعلق بل میں شامل کردیا جائے گا ،محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہناہے کہ اس سے خطرنک طریقے سے سائیکل چلانے والوں کو آسانی کے ساتھ سزا دی جاسکے گی۔