میدان کربلا میں لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، سعد رضوی

August 09, 2022

لاہور(خبرنگار)امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ سانحہ کربلا راہ حق میں استقامت دکھانے، ظلم کے مقابلہ میں ڈٹ جانے اور اللہ کے راستے میں ایثار و قربانی پیش کرنے کی لازوال و بے مثال داستان ہے۔اس کا ہر پہلو اہل ایمان کے لئے باعث فخر اور قابل تقلیدہے۔ امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور حسینؓ کے خادم انکی سنت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ قربانیاں پیش کرتے رہیں گے، امام حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ وقت کے یزیدوں کے خلاف علم جہاد بلند کرناہے،انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ؐکے دین کی حرمت کی پامالی کو حسینی کبھی برداشت نہیں کر سکتا۔ امام حسین کا نام لینا آسان ہے لیکن اسوہ حسینی پر عمل حسین ؓکا خادم اور غلام ہی کر سکتا ہے۔معرکہ کرب و بلا نظام ظلم وجبر کے خلاف جدوجہد کا پیغام ہے۔