کراچی میں طوفانی بارش: 12 پروازیں منسوخ، فلائٹ آپریشن شدید متاثر

August 10, 2022

کراچی میں بدھ کو مسلسل تیز بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 12 پروازیں منسوخ کردی گئیں، اسکردو کی پرواز کو سکھر اتارا گیا جبکہ فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 306 کو منسوخ کردیا گیا۔

پی آئی اے کی فیصل آباد کے لیے پرواز پی کے 340 سوا دو گھنٹے کی تاخیر سے رات 11 بجے روانہ ہوئی۔

پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد کی شام 4 بجے کی پرواز پی کے 308 تاخیر سے رات 8 بجے روانہ ہوئی۔

اسلام آباد سے ایئربلیو کی پرواز پی اے 205 کو بارش کی وجہ سے کراچی میں لینڈنگ کے لیے فضا میں 20 منٹ تک انتظار کروایا گیا۔

اسکردو سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 456 موسم کی خرابی کی وجہ سے لینڈ نہ کر سکی جسے سکھر منتقل کردیا گیا۔ یہ پرواز موسم ٹھیک ہونے کے بعد سکھر سے ایک گھنٹے بعد واپس کراچی پہنچی۔

فلائی دبئی کی شام 4 بجے کی کراچی سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 336 سوا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ایئر سیال کی کراچی سے پشاور کے لیے پرواز پی ایف 151 منسوخ کردی گئی۔ کراچی سے پی آئی اے کی لاہور کے لیے پرواز پی کے 304 دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔

پی آئی اے کی کراچی سے جدہ، کوئٹہ اور اسلام آباد کی پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور کے لیے پرواز پی کے 588 منسوخ کردی گئی۔

سیرین ایئر کی پرواز ای آر 524 کراچی سے لاہور کے لیے روانہ نہ ہوسکی جبکہ لاہور سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 307 منسوخ کی گئی۔

بہاولپور سے کراچی کے لیے پرواز پی کے 589 منسوخ کردی گئی جبکہ کراچی سے گوادر اور تربت کی اپ ڈاؤن کی پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔

پشاور سے کراچی کے لیے ایئر سیال کی پرواز پی ایف 152 منسوخ ہوئی جبکہ اسلام آباد سے ایئر سیال کی پرواز پی ایف 122 بھی منسوخ کی گئی۔