عمران خان کی باتوں کو سیریس نہیں لینا چاہیے، قمر زمان کائرہ

August 10, 2022

وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی باتوں کو سیریس نہیں لینا چاہیے، عمران خان کے ماضی کے بیانات میں بھی کوئی وزن نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان ہر ہفتہ نئی اسٹوری ڈالتے ہیں اور بحث کروانا شروع کردیتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ان کا اپنا دوست گیا ہے، ہم نے عمران خان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی، عمران خان کے خلاف جو ایکشن ہوا وہ الیکشن کمیشن نے کیا، الیکشن کمیشن کے کیس میں ہمارا کوئی کردار نہیں تھا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سب کو پتا ہے کون ٹرینڈ چلانے والے ہیں، کیا ٹرینڈ چلانے والے ہمارے ہیں، کیا یہ حکومت کی سازش ہے؟ عدلیہ کو گالیاں دیتے رہے، کیا وہ ہمارے لوگ تھے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مقبول لیڈر ہو یا عام آدمی اس کو جرم پر قانون میں رعایت نہیں مل سکتی، جن سے گفٹ لیے وہ گفٹ پھر ان کے پاس پہنچ گئے، کتنی سبکی کی بات ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہم فارن فنڈنگ کا حساب دینے کے لیے تیار ہیں۔