عمران خان شہباز گل کے بیان پر معافی مانگیں، حافظ حمد اللّٰہ

August 11, 2022

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ بڑی پارٹی کا لیڈر ہونا آئین وقانون سے بالاتر ہونے کا دلیل نہیں ہوسکتا، شہبازگل کے بیان پر بسم اللّٰہ کرکے معافی مانگیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ جرم عام آدمی کرے یا لیڈر وہ قانون سے مستثنیٰ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے بیان پر بسم اللّٰہ کرکے معافی مانگ کر ایک یوٹرن ملک کی مفاد میں بھی لے لو، آپ ملک میں فساد پھیلا رہے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ، توشہ خانہ کیس میں نااہل ہوگئے تو یہ آپ کے کرتوتوں کا نتیجہ ہوگا۔

حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ رول آف لاء اور آئین کی بالادستی قائم کرنا حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا اور ٹرینڈ چلائے گئے، پی ٹی آئی کے ٹرولز نے فوج میں تقسیم اور بغاوت پر مبنی بیان دیے اور ہرزہ سرائی کی۔ پی ڈی ایم ردالفساد کے مشن پر ہے۔