اسلامی گیمز 200 میٹر ریس میں شجر عباس نے قومی ریکارڈ بنادیا

August 11, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز میں حیران کن کارکردگی دکھانے والےشجر عباس ترکیہ میں اسلامی یکجہتی گیمز میں 100 میٹر ریس کے فائنل تک نہ پہنچ سکے تھے۔ البتہ بدھ کوایک اور قومی ریکارڈ بنادیا۔ 200 میٹر کی ہیٹس میں شجر عباس 20.68 کی ٹائمنگ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔یہ کسی بھی پاکستانی کی بہترین ٹائمنگ ہے۔ایک سو میٹرز سیمی فائنل میں ان کیٹائمنگ 10.38 سیکنڈرز رہی، البتہ وہ ساتویں نمبر پر رہے۔ شجر عباس نے ہیٹ میں 10.25 سیکنڈز کے ساتھ نیشنل ریکارڈ بنایا تھا، پاکستانی ایتھلیٹ گزشتہ 8 روز میں 6 ریسیں دوڑ چکے ہیں۔ادھر چار سو میٹر ریس میں معید بلوچ بد انتظامی کی وجہ سے باہر ہوگئے۔ ایتھلیٹ معید بلوچ اور ٹیم انتظامیہ نے اپنی غلطی کو چھپانے کے لئے سوشل میڈیا پر معاملے کو الجھا دیا۔ چار سو میٹر ریس میں 19 ایتھلیٹس نے شرکت کی معید بلوچ گیارہویں نمبر رہے ۔ انہوں نے 47.45 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا۔ عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن کے قانون کے مطابق اگر 20 ایتھلیٹس مقابلے میں شریک ہو تو براہ راست فائنل ہوسکتا ہے۔ گیمز انتظامیہ نے براہ راست فائنل کے لئے ٹاپ 8 ایتھلیٹس کا انتخاب کیا۔ معید بلوچ ٹاپ 12 میں ہونے کے باعث سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔