حالیہ بارشوں کے بعد جراثیم پھیلنے کا خدشہ ہے، مرتضیٰ وہاب

August 11, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد جراثیم پھیلنے کا خدشہ ہے لہٰذا پورے شہر میں بھرپور جراثیم کش اسپرے کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ملیریا، ڈینگی اور دیگر امراض کا باعث بننے والے جراثیم سے حفاظت فراہم کی جاسکے، کراچی کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ کونسل کے ذمہ داروں کی مشاورت سے ایسی حکمت عملی بنائی گئی ہے کہ شہر کا کوئی حصہ اسپرے سے محروم نہ رہےیہ بات انہوں نے کراچی میں مون سون کی بارشوں کے بعد شاہ رسول کالونی کلفٹن ضلع جنوبی میں جراثیم کش اسپرے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری کرم اللہ وقاصی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسپرے کے لئے 25 گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں جن کے ذریعے روزانہ ہر ضلع کی یونین کونسلوں میں اسپرے کا کام کیا جائے گاایڈمنسٹریٹرنے بدھ کے روز ہونے والی بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے برنس روڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور سولجر بازار کے علاقوں کا دورہ کیا اور ان علاقوں میں واقع برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کا بھی جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ جن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے انہیں فوری نکال دیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں میڈیکل کے شعبہ میں کام کرنے کے بے انتہا مواقع ہیں،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کے ایم سی کے اسپتالوں میں کام کیا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے سربراہ مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر طارق محمود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی 14 بڑے اسپتالوں کے ذریعے شہریوں کو طبی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔