ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی یوم عاشور کے جلوسوں میں شرکت

August 11, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم عاشورپر متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے مذ ہبی رواداری برقرار رکھتے ہوئے مختلف شہروں اور اندرون سندھ کے تمام اضلاع میں یوم عاشورکے ماتمی جلوسوں میں ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے شرکت کی، طبی امدادی کیمپ لگائے اور لنگر کا انتظام کیا۔ منگل کو یہاں نشتر پارک سے برآمد ہوئے یوم عاشورکےمرکزی جلوس می متحدہ کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر،اراکین رابطہ کمیٹی وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، زاہد منصوری، ارشادظفیر، سی او سی انچارج فرقان اطیب، حلقہ این اے 245 کے امیدوار معید انور اور لائنز ایریا ٹائون کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ عامر خان نے جلوس کی گزرگاہوں پر لگائے ۓ گئے میڈیکل ایڈ کے کیمپ کا دورہ کیا، جہاں خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے رضا کار، کارکن اور میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹرز عزاداروں کو فرسٹ ایڈ دینے میں مصروف تھے۔ عامر خان نے کیمپ میں موجود میڈیکل ایڈ کے مرکزی ذمے داروں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ بعد ازاں عامر خان نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی، ان کے کیمپ جا کریکجہتی کا اظہار کیا، شرکاء کو سبیل سے شربت پلایا اور لنگر تقسیم کیا۔دریں اثناء رکن رابطہ کمیٹی وسندھ اسمبلی کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے نیو کراچی ٹاؤن کمیٹی کے ساتھ نیو کراچی سے نکالے گئے جلوسوں میں شرکت کی۔ رکن رابطہ کمیٹی و صوبائی اسمبلی محمد حسین نے شاہ فیصل کالونی اور رکن رابطہ کمیٹی و قومی اسمبلی محمد ابو بکر نے بھی اراکین صوبائی اسمبلی غلام جیلانی اور ہاشم رضا کے ساتھ یوم عاشورکےموقع پر کورنگی میں نکالے گئے جلوسوں میں شرکت کی۔