یوم عاشور،ملتان ڈویژن میں 283جلوس نکالے گئے ،225 مجالس منعقد ہوئیں

August 11, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ڈویژن میں یوم عاشور پر 283 ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں اے کیٹگری کے 59،بی کیٹگری کے 109اور سی کیٹگری کے 119 جلوس شامل تھے، 225 مجالس اپنے وقت پر اختتام پذیر ہوئیں،اے کیٹگری کی 37, بی 83,سی 105 مجالس کا پر امن انعقاد کیا گیا، اس موقع پرامن کمیٹی کے ارکان، علماکرام بھی قیام امن کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ رہے، کمشنر عامر خٹک نے انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ و پولیس نے محرم پر بہترین انتظامات کیے،9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں میں ضلعی انتظامیہ اور جلالالدین رومی فاؤنڈیشن کے تحت عزاداروں میں نیاز تقسیم کی گئی اور سبیلیں لگائی گئیں، اس موقع پرممتاز آباد میں 100من سے زائد حلیم کی دیگ تیار کی گئی جسے شہریوں میں تقسیم کیا گیا، دریں اثناآآستانہ عالیہ فریدیہ ممتاز آباد میں فریدیہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام حلیم شہریوں میں تقسیم کیا گیا،حسینی امن قافلہ نے 10محرم الحرام کومخدوم سید غلام یزدانی گیلانی کی قیادت میں ملتان شہرکا دورہ کیا اورامام بارگاہوں آستانوں پر گئے،اس موقع پر انہوں نے برصغیر پاک و ہند کے قدیمی تعزیوں استاد اور شاگرد والا کو 10محرم الحرام کے دن منزل مقصود کی جانب روانہ کرنے سے قبل دعا کی، انجمن اسلامیہ ملتان کے صدر اور سابق وفاقی وزیر مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ملتان ڈویثرن وضلع اور خاص طور پر عزاداری کے اہم مرکز ملتان شہر کا امن مثالی رہا، جس پر ہم ڈویژنل کمشنر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو ،آر پی او ملتان رفعت مختار راجہ ،سی پی او ملتان خرم شہزاد اور محرم کے دوران اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے والے تمام انتظامی و پولیس افسران اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی سر انجام دینے والے تمام پولیس افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، ڈپٹی کمشنر طاہروٹو نے کہا کہ ضلع بھر میں 10 محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے دوران مثالی امن و امان رہا اور انتظامیہ و پولیس کے موثر اقدامات کی بدولت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے ماتمی جلوس کے منتظمین سے ملاقات بھی کی،سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے 10 محرم الحرام یوم عاشور کےموقع پر شہر کے مختلف جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیاایس ایس پی آپریشنز حسام بن اقبال، ایس پی کینٹ ڈویژن حسن افضل، ایس پی گلگشت ڈویژن کیپٹن ر قاضی علی رضا اور دیگر افسران ان کے ہمراہ موجود تھے۔