پشاور: بچیوں سے زیادتی اور قتل کے ملزم کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

August 11, 2022

—فائل فوٹو

پشاور کی مقامی عدالت نے 3 بچیوں سے زیادتی اور 2 بچیوں کے قتل کے ملزم سہیل کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے ملزم کو تیسری بچی کے قتل اور زیادتی کیس میں بھی اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

3 بچیوں سے زیادتی اور قتل کیس کے ملزم سہیل کو تھانہ شرقی کی پولیس نے 10 سال کی ماہ نور سے زیادتی اور قتل کیس میں 1 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مقامی عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے ملزم سہیل کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ملزم سہیل پر 3 بچیوں سے زیادتی اور 2 کو قتل کرنے سے متعلق 3 تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے تھانہ غربی کی حدود میں 7 سالہ بچی حبہ سے زیادتی اور قتل کیس میں بھی ملزم کو اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق بچیوں سے زیادتی کے تینوں کیسز میں ملزم کا ڈی این اے میچ ہو چکا ہے، ملزم سے بچی حبہ سے زیادتی اور قتل کے کیس میں مزید تحقیقات کی جائیں گی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے منیزہ نامی بچی کو ایک پلازہ کے تہہ خانے میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جبکہ ماہ نور کو ملزم نے خالی پلاٹ میں زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا تھا۔

اسی طرح ملزم نے علاقہ کالا باڑی میں حبہ نامی بچی کے ساتھ زیادتی کر کے اسے قتل کیا تھا۔