ہراسانی کیس، بارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل کیخلاف انکوائری کا حکم

August 13, 2022

اسلام آباد (صالح ظافر) حکومت نے ہسپانوی شہر بارسلونا میں پاکستان کے قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ کو ہراسانی کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر ان کے خلاف مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔ مشن کی ایک مقامی خاتون ملازم نے اس سال جون میں ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ یہ کارروائی سفارت کار کو معطل کرنے کے بعد کی گئی ہے جیسا کہ انہیں واپس بلا لیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بابر بیگ کو واپس بلانے کی تصدیق کی ہے۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور نے شکایت کی ابتدائی انکوائری کی اور الزامات کی تصدیق کی۔ متاثرہ خاتون تین بچوں کی ماں ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔